سالمونیلا معلوماتی پرچہ

سالمونیلوسس (Salmonellosis) بیماری سالمونیلا بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ آسٹریلیا میں سالمونیلا کے انفیکشن آلودہ خوراک کھانے سے یا کبھی کبھار انفیکشن رکھنے والے کسی شخص کے ساتھ واسطے کے بعد ہوتے ہیں۔ خوراک کو تیار کرنے اور سنبھالنے کے محفوظ طریقوں سے انفیکشن کی روک تھام ہو سکتی ہے، اور اس میں گوشت، پرندوں اور انڈوں کو پوری طرح پکانا بھی شامل ہے۔


Last updated: 02 December 2025

سالمونیلوسس سے کیا مراد ہے؟

Salmonellosis (یا سالمونیلا)کی بیماری سالمونیلا نامی بیکٹیریا کے انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ آسٹریلیا میں سالمونیلا کے انفیکشن آلودہ خوراک کھانے سے یا کبھی کبھار انفیکشن رکھنے والے کسی شخص کے ساتھ واسطے کے بعد ہوتے ہیں۔

سالمونیلا کی علامات کیا ہیں؟

علامات میں یہ شامل ہیں:

  • سر میں درد
  • بخار
  • پیٹ میں بل پڑ کر درد
  • دست
  • متلی
  • الٹی

علامات بالعموم بیکٹیریا لگنے کے 6 سے 72 گھنٹے بعد شروع ہوتی ہیں اور 4 سے 7 دن تک برقرار رہتی ہیں۔ کبھی کبھار علامات اس سے بہت زیادہ عرصہ رہتی ہیں۔

سالمونیلا کیسے پھیلتا ہے؟

سالمونیلا لوگوں کو بالعموم انفیکشن رکھنے والے جانوروں سے حاصل کردہ خوراک (جیسے کم پکا ہوا گوشت، پرندے اور جانوروں سے حاصل ہونے والی دوسری خوراک مثلاً انڈے) کو کم پکانے سے لگتا ہے۔ ​

سالمونیلا اس طرح بھی پھیل سکتا ہے:

  1. کراس کنٹیمینیشن – اس کا مطلب آلودہ خوراک میں موجود سالمونیلا دوسری خوراک تک پہنچ جانا ہے۔ مثال کے طور پر اگر سالمونیلا سے آلودہ چھری سے دوسری وہ چیزیں کاٹی جائیں جنہیں مزید نہیں پکایا جائے گا، تو سالمونیلا ان نئی چیزوں میں بڑھنے لگے گا۔
  2. انسان سے انسان کو لگنا – اگر ہاتھوں کو ٹھیک طرح نہ دھویا جائے، بالخصوص کھانا تیار کرتے ہوئے۔ یہ جانوروں سے بھی انسانوں کو لگ سکتا ہے۔

سالمونیلا کا خطرہ کن لوگوں کو ہے؟

سالمونیلا کسی بھی شخص کو لگ سکتا ہے۔ شیرخوار بچوں، بوڑھوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے لوگوں کے لیے شدید بیماری کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔

سالمونیلا کی روک تھام کیسے ہو سکتی ہے؟

پکانا

خوراک کو اچھی طرح پکانے سے سالمونیلا ہلاک ہو جائے گا۔ کچا یا کم پکا ہوا گوشت، پرندے یا انڈے نہ کھائیں۔ پرندوں اور گوشت – جیسے ہیم برگر، ساسیج اور رولڈ روسٹ – کو تب تک پکانا چاہیے کہ درمیان میں گلابی رنگ بالکل باقی نہ رہے۔

ہاتھ دھونا

ٹائلٹ سے فارغ ہونے، نیپی بدلنے، جانوروں کو ہاتھ لگانے، خوراک کو ہاتھ لگانے سے پہلے اور ہاتھ لگانے کے بعد اور کھانے سے پہلے ہمیشہ صابن اور پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک اچھی طرح ہاتھ دھوئیں۔ انگلیوں کے ناخنوں کے نیچے اور انگلیوں کے درمیان اچھی طرح صفائی کرنا خاص طور پر اہم ہے۔

خوراک کا کام کرنے والے جن لوگوں کو انفیکشن ہو، ان سے آسانی سے انفیکشن پھیل سکتا ہے۔ انہیں دست رکنے کے بعد 48 گھنٹے گزرنے سے پہلے خوراک کی تیاری یا خوراک پیش کرنے کا کام نہیں کرنا چاہیے۔

درست درجۂ حرارت

خوراک کو درست طریقے سے نہ رکھنے سے بیکٹیریا پنپ سکتے ہیں۔

غذاؤں کو بیکٹیریا سے بچانے کے لیے:

  • کھانے کی چیزوں کو فریج میں 5 ڈگری سیلسیئس سے کم درجۂ حرارت پر رکھیں
  • گرم خوراک کو 60 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ درجۂ حرارت پر رکھیں
  • کھانے کو تیزی سے دوبارہ گرم کرنا چاہیے اور اتنی دیر گرم کرنا چاہیے کہ کھانے کے تمام حصے بھاپ دیتے ہوئے گرم ہو جائیں
  • فریزر سے نکالی ہوئی خوراک کو فریج یا مائیکرو ویو میں پگھلائیں

خوراک کو جتنی زیادہ دیر کمرے کے درجۂ حرارت پر چھوڑا جائے، سالمونیلا اتنا ہی زیادہ بڑھ سکتا ہے۔

خوراک کو تیار کرنے اور سنبھالنے کا طریقہ اور خوراک کو بیکٹیریا سے بچانا

خوراک کو بیکٹیریا سے بچانے کے لیے:

  • کچی غذاؤں (جیسے گوشت) کو سیل بند ڈبوں میں فریج کے نچلے حصے یا فریزر میں رکھیں تاکہ ان میں سے مائع رِس کر یا بہ کر کسی دوسری تیار کھانے کی چیز پر نہ گرے۔ فریج میں تمام غذاؤں کو ڈھک کر رکھیں تاکہ وہ آلودہ نہ ہو سکیں۔
  • کچی چیزوں اور تیار کھانے کی چیزوں کے لیے الگ الگ چاپنگ بورڈ، ٹرے، چمچ وغیرہ اور پلیٹیں استعمال کریں۔ اگر آپ کے پاس صرف ایک چاپنگ بورڈ ہے تو اسے دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے صابن والے گرم پانی میں اچھی طرح دھو لیں
  • کچی سبزیوں اور پھلوں کو تیار کرنے اور کھانے سے پہلے اچھی طرح دھو کر تمام مٹی اتار دیں
  • دھلے برتن پونچھنے کے لیے اس کپڑے سے الگ کپڑا استعمال کریں جسے آپ نے ہاتھ یا بنچ ٹاپ پونچھنے کے لیے استعمال کیا ہو، اور برتن پونچھنے کے کپڑوں کو باقاعدگی سے دھوتے رہیں۔

سالمونیلا کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

ڈاکٹر پاخانے (پوٹی) کے نمونے کو ٹیسٹ کروا کے سالمونیلا کی تشخیص کرتے ہیں۔

سالمونیلا کا علاج کیسے ہوتا ہے؟

زیادہ تر لوگ خوب آرام کرنے اور وافر مقدار میں مشروبات مثلاً پانی یا اورل ری ہائیڈریشن ڈرنکس (فارمیسی سے دستیاب) پینے سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ ایک ہفتے کے اندر ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

ان صورتوں میں آپ کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے کہ:

  • علامات چند دن سے زیادہ رہیں
  • شدید دست یا خون والے دست آ رہے ہوں
  • آپ کے لیے شدید سالمونیلا کا خطرہ ہو (چھوٹے بچے، بوڑھے اور کمزور مدافعتی نظام والے لوگ)
  • آپ کو فکر ہو۔

زیادہ تر لوگوں کو اینٹی بائیوٹکس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ چھوٹے بچوں یا بوڑھوں کے لیے اینٹی بائیوٹکس تجویز کی جا سکتی ہیں۔ کچھ لوگوں کا ہسپتال میں داخل ہونا ضروری ہو سکتا ہے۔  

سالمونیلا کے خلاف صحت عامّہ کے کونسے اقدامات کیے جاتے ہیں؟

لیبارٹریاں اپنے لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ کو سالمونیلا کے کیسوں کی اطلاع دینے کی پابند ہیں۔ جن علاقوں میں زیادہ کیس ہوں، پبلک ہیلتھ یونٹس ان کی چھان بین کر کے ان کے مشترک پہلو معلوم کرنے کی کوشش کریں گے۔ جہاں کیسوں کا تعلق ایک ہی قسم کی غذا سے پایا جائے، NSW Food Authority ماحول کی مزید چھان بین کر کے کیسوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے گی۔ روک تھام کی تدابیر طے کرنے کے لیے کیسوں کے اعدادوشمار سے مدد لی جاتی ہے۔

NSW Food Authority سالمونیلوسس اور خوراک سے پھیلنے والے دوسرے انفیکشنوں کی روک تھام کی خاطر فوڈ سیفٹی کی مختلف تدابیر کے لیے ذمہ دار ہے۔

اضافی وسائل

اگر آپ میں سالمونیلا کی علامات ہوں اور آپ کو فکر ہو تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے بات کریں یا ایمرجنسی صورتحال میں ٹریپل زیرو (000) پر کال کریں۔

مزید معلومات کے لیے 131 450  پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (TIS)  کو کال کر کے اپنی زبان میں مفت اور رازدارانہ مدد لیں۔ انہیں اپنی زبان بتائیں اور کہیں کہ آپ ان سے بات کرنا چاہتے ہیں:

  • 1300 066 055 پر آپ کا لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ
  • 1800 022 222 پر Healthdirect ، 24 گھنٹے صحت کے متعلق معلومات کے لیے

یا اپنے مقامی فارماسسٹ سے بات کریں۔

​​​​

Current as at: Tuesday 2 December 2025
Contact page owner: One Health