چکنگُنیا (Chikungunya)کےمتعلقمعلوماتی پرچہ

چکن گُنیا انسانوں کو ان مچھروں سے لگتا ہے جن میں چکن گُنیا وائرس ہو۔ اس کی علامات میں بخار، ریش (جلد پر دانے یا سرخی) اور جوڑوں میں درد شامل ہیں۔ یہ وائرس زیادہ تر افریقہ، ایشیا، مغربی پیسیفک، شمالی امریکا اور جنوبی امریکا میں پایا جاتا ہے۔ متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے والوں کو انفیکشن کی روک تھام کی خاطر مچھروں کے کاٹنے سے بچنا چاہیے۔

Last updated: 19 December 2025

چکن گُنیا سے کیا مراد ہے؟

چکن گُنیا وائرس انفیکشن (چکن گُنیا) ایک وائرس سے ہوتا ہے جو دو قسموں کے مچھر پھیلاتے ہیں:

  • ڈینگی مچھر (Aedes aegypti)
  • ایشیئن ٹائیگر مچھر (Aedes albopictus)

چکن گُنیا کی علامات کیا ہیں؟

چکن گُنیا کی علامات میں یہ شامل ہیں:

  • بخار، کپکپی، سر میں درد اور پٹھوں میں درد
  • جوڑوں کی سوجن، اکڑاؤ اور درد، بالخصوص صبح کے وقت
  • جلد پر دانے یا سرخی جو بالعموم اوپری دھڑ یا بازوؤں اور ٹانگوں پر ہو۔ یہ بالعموم 7 سے 10 دن رہتا ہے
  • تھکن یا کمزوری کا احساس۔

علامات بالعموم انفیکشن رکھنے والے مچھر کے کاٹنے کے 7 سے 10 دن بعد ظاہر ہوتی ہیں۔

چکن گُنیا انفیکشن میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر لوگ چند ہفتوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو کئی ہفتوں تک تھکن اور کئی مہینوں تک جوڑوں میں درد رہ سکتا ہے۔

چکن گُنیا کیسے پھیلتا ہے؟

لوگوں کو چکن گُنیا وائرس ایسے مچھر کے کاٹنے سے لگتا ہے جس میں یہ وائرس ہو۔ چکن گُنیا براہ راست ایک شخص سے دوسرے کو نہیں لگتا۔

مچھروں کو یہ انفیکشن تب لگتا ہے جب وہ چکن گُنیا وائرس رکھنے والے کسی انسان کا خون چوسیں۔ انفیکشن لگنے کے بعد مچھر کے جسم میں وائرس تیزی سے تقسیم ہوتا ہوا پھیلتا ہے اور جب یہ مچھر دوسرے لوگوں کو کاٹے تو انفیکشن ان لوگوں میں پہنچ سکتا ہے۔

چکن گُنیا لگنے کا خطرہ کن لوگوں کو ہے؟

چکن گُنیا وائرس افریقہ، ایشیا، شمالی امریکا، جنوبی امریکا اور مغربی پیسیفک کے علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ چکن گُنیا کے کیسوں والے علاقوں کا سفر کرنے والوں کو اگر یہ وائرس پھیلانے والی قسموں کے مچھر (ڈینگی مچھر یا ایشیئن ٹائیگر مچھر )کاٹ جائیں تو انہیں انفیکشن لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

ان لوگوں کے لیے چکن گُنیا زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے:

  • 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگ
  • نوزائیدہ بچے جنہیں پیدائش کے وقت کے بعد جلد ہی انفیکشن لگ جائے
  • جن لوگوں کو پہلے سے طبی مسائل ہوں جیسے دل کی بیماری، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس۔

چکن گُنیا کی روک تھام کیسے ہو سکتی ہے؟

فی الحال آسٹریلیا میں چکن گُنیا کی کوئی منظور شدہ ویکسین نہیں ہے۔

مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کے لیے یہ اقدامات کریں:

  • ہلکے رنگ کا لباس، پوری آستینوں والی قمیض، لمبے ٹراؤزر اور بند جوتے پہنیں۔ مچھر بدن پر کسے ہوئے لباس کے آرپار بھی کاٹ سکتے ہیں۔
  • اپنی جلد کے تمام کھلے حصوں پر ایسے ماسکیٹو ریپیلنٹ (مچھر بھگانے والے لوشن) کی برابر تہ لگائیں جس میں picaridin، DEET  یا لیمن یوکلپٹس آئل شامل ہو۔ نیچرل یا گھر میں بنائے گئے ریپیلنٹس مچھروں کے خلاف محدود تحفظ دلاتے ہیں۔ہدایات پڑھ کر معلوم کریں کہ آپ کو کتنے کتنے وقفوں سے دوبارہ ریپیلنٹ لگانا چاہیے۔ ہمیشہ پہلے سن سکرین لگائیں اور پھر ریپیلنٹ لگائیں۔
  • جن اوقات میں مچھر زیادہ کاٹتے ہیں، ان اوقات میں خاص احتیاط سے کام لیں۔ مچھروں کی کچھ نسلیں دن بھر کاٹتی ہیں۔
  • گھر کے بیرونی حصوں میں کھڑا ہوا پانی ہٹائیں کیونکہ اس پانی میں مچھر پنپ سکتے ہیں۔
  • مچھر دانیاں استعمال کریں اور کھڑکیوں اور دروازوں پر جالیاں لگائیں۔
  • ان علاقوں میں سفر کرتے ہوئے زیادہ احتیاطی تدابیر کریں جہاں مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا زیادہ خطرہ ہو۔

عام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ، آسٹریلیا سے باہر سفر کرتے ہوئے آپ کو چاہیے کہ:

  • جالیوں والے یا ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں رہیں اور سوئیں
  • اگر آپ کے سونے کی جگہ اور کھلی جگہ ساتھ ساتھ ہو تو اپنے بستر پر مچھر دانی لگائیں۔ وہ مچھر دانی مؤثر رہتی ہے جس پر pyrethroid والا کیڑے مار استعمال کیا گيا ہو مثلاً permethrin۔ آپ سفر سے پہلے سے اس دوا کی ٹریٹمنٹ کے ساتھ تیار مچھر دانیاں خرید سکتے ہیں یا مچھر دانیاں خرید کر خود ان پر دوا لگا سکتے ہیں۔
  • ایسے علاقوں میں نہ جائیں جہاں مچھروں سے پھیلنے والی بیماریاں لگنے یا پھیلی ہونے کا علم ہو۔

مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کے لیے معلوماتی پرچہ 'مچھر صحت کے لیے خطرہ ہیں' دیکھیں۔ Smartraveller ویب سائیٹ پر بھی مخصوص علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لیے صحت سے متعلق معلومات موجود ہیں۔

چکن گُنیا کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

ڈاکٹر خون کا نمونہ لے کر اسے چکن گُنیا وائرس کے لیے ٹیسٹ کرواتا ہے۔ حال ہی میں انفیکشن ہونے کی تصدیق کے لیے دوبارہ خون کا ٹیسٹ کروانا ضروری ہو سکتا ہے۔

چکن گُنیا کا علاج کیسے ہوتا ہے؟

چکن گُنیا کا کوئی مخصوص علاج نہیں ہے۔ آپ کا ڈاکٹر آپ کو اینٹی انفلیمیٹری (سوزش اور درد کم کرنے والی دوائیوں) سے علامات کا علاج کرنے کے لیے ہدایات دے گا۔

صحت عامّہ کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں؟

جب لیبارٹریاں کسی شخص میں چکن گُنیا وائرس کی تصدیق کریں تو وہ اپنے لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ کو اطلاع دیتی ہیں۔

لوکل پبلک ہیلتھ یونٹس ہر کیس کی نگرانی کر کے اندازہ لگاتے ہیں کہ اس شخص کو کس علاقے میں انفیکشن لگا تھا۔

یہ معلومات یہ پتہ چلانے کے لیے اہم ہیں کہ آيا یہ وائرس ان علاقوں میں پھیل رہا ہے جنہیں کم خطرہ رکھنے والے علاقے سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مقصد آسٹریلیا کے ان علاقوں میں پھیلاؤ کو روکنا بھی ہے جہاں چکن گُنیا پھیلانے والے مچھر کی قسمیں موجود ہیں۔

اضافی وسائل

اگر آپ میں چکن گُنیا کی علامات ہوں اور آپ کو فکر ہو تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے بات کریں یا ایمرجنسی صورتحال میں ٹریپل زیرو (000) پر کال کریں۔

مزید معلومات کے لیے 131 450  پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (TIS)  کو کال کر کے اپنی زبان میں مفت اور رازدارانہ مدد لیں۔ انہیں اپنی زبان بتائیں اور کہیں کہ آپ ان سے بات کرنا چاہتے ہیں:

  • 1300 066 055 پر آپ کا لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ
  • 1800 022 222 پر healthdirect ، 24 گھنٹے صحت کے متعلق معلومات کے لیے
  • یا اپنے مقامی فارماسسٹ سے بات کریں۔

چکن گُنیا کی روک تھام کے متعلق مزید معلومات کے لیے دیکھیں: معلوماتی پرچہ 'مچھر صحت کے لیے خطرہ ہیں' اور آسٹریلیا سے باہر محفوظ اور صحتمند رہنا

Current as at: Friday 19 December 2025
Contact page owner: One Health