ہیپاٹائٹس اے معلوماتی پرچہ

ہیپاٹائٹس اے جگر کا وائرل انفیکشن ہے۔ یہ وائرس آلودہ خوراک کھانے یا آلودہ پانی پینے یا انفیکشن رکھنے والے شخص کے ساتھ براہ راست واسطے سے پھیلتا ہے۔ ویکسینیشن اور صفائی کا خوب خیال رکھنے سے انفیکشن کی روک تھام ہوتی ہے۔


Last updated: 18 December 2025

ہیپاٹائٹس اے سے کیا مراد ہے؟

'ہیپاٹائٹس' کا مطلب جگر کی سوزش یا سوجن ہے۔ یہ کیمیکلز یا دوائیوں یا مختلف قسموں کے وائرل انفیکشنوں کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔

'ہیپاٹائٹس اے وائرس' ہیپاٹائٹس کی ایک قسم ہے۔ کسی ایک قسم کے ہیپاٹائٹس وائرس کا انفیکشن ہونے سے دوسری قسموں کے ہیپاٹائٹس وائرسوں کے خلاف تحفظ نہیں ملتا۔ ہیپاٹائٹس اے آسٹریلیا میں عام نہیں ہے، اور اکثر لوگوں کو یہ انفیکشن آسٹریلیا سے باہر سفر کرتے ہوئے لگتا ہے۔

ہیپاٹائٹس اے کی علامات کیا ہیں؟

ہیپاٹائٹس اے کی علامات میں یہ شامل ہیں:

  • طبیعت کی خرابی
  • تھکن
  • بخار
  • متلی
  • بھوک نہ لگنا
  • پیٹ میں ہلکی سی تکلیف
  • جوڑوں میں درد (کبھی کبھار)
  • گہرے رنگ کا پیشاب، ہلکے رنگ کا پاخانہ اور یرقان (آنکھوں کے سفید حصوں اور جلد میں پیلاہٹ)۔ سب کیسوں میں یرقان، گہرے رنگ کے پیشاب اور ہلکے رنگ کے پاخانے کی علامات نہیں ہوتیں۔

ہیپاٹائٹس کی علامات بالعموم وائرس لگنے کے تقریباً چار ہفتے بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ کبھی کبھار علامات دو اور سات ہفتوں کے درمیان ظاہر ہوں گی۔

بیماری عموماً ہلکی ہوتی ہے جو ایک سے تین ہفتے رہتی ہے۔ قریب قریب سبھی لوگ مکمل شفایاب ہو جاتے ہیں۔

کچھ لوگوں کو، خاص طور پر جگر کی دائمی بیماری رکھنے والوں کو، زیادہ شدید علامات کا تجربہ ہو سکتا ہے۔ جن چھوٹے بچوں کو یہ انفیکشن لگے، ان میں عام طور پر کوئی علامات نہیں ہوتیں۔

ہیپاٹائٹس اے سے جگر کی لمبی بیماری نہیں ہوتی اور ہیپاٹائٹس اے سے اموات شاذونادر ہی ہوتی ہیں۔ کبھی کبھار اس بیماری کی وجہ سے لوگوں کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے اور بیماری بظاہر دور ہو جانے کے بعد دوبارہ بھی علامات پیش آ سکتی ہیں۔

ہیپاٹائٹس اے کیسے پھیلتا ہے؟

ہیپاٹائٹس اے انفیکشن رکھنے والے شخص کے پاخانے (پوٹی) میں اس وائرس کی بڑی مقدار ہوتی ہے۔ یہ وائرس حالات سازگار ہونے پر کئی ہفتے فضا میں زندہ رہ سکتا ہے۔

ہیپاٹائٹس اے بالعموم اس طرح پھیلتا ہے کہ انفیکشن رکھنے والے شخص کے جسم سے نکلنے والے وائرس کو ان طریقوں سے کوئی دوسرا شخص نگل لے:

  • وائرس سے آلودہ کچی، منجمد یا کم پکی ہوئی خوراک کھانے سے
  • وائرس سے آلودہ پانی پینے سے
  • ہیپاٹائٹس رکھنے والے شخص کے گندے نیپی، بستر کی گندی چادروں یا غلافوں یا تولیوں کو چھونے سے
  • ذاتی استعمال کی چیزیں جیسے ٹوتھ برش مل کر استعمال کرنے سے
  • ہیپاٹائٹس رکھنے والے شخص کے ساتھ براہ راست واسطے سے (جس میں جنسی فعل بھی شامل ہے)

ہیپاٹائٹس اے کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کا تعلق ان حالات سے پایا گیا ہے:

  • انسان سے انسان تک پھیلاؤ
  • جنسی تعلق، بالخصوص مردوں کے ساتھ سیکس کرنے والے مردوں میں
  • برآمد شدہ منجمد پھل کھانے سے
  • سیویج (نالیوں کی غلاظت) سے آلودہ پانی پینے سے
  • اپنے ماخذ پر آلودہ ہو جانے والی خوراک جیسے سبزیاں، بیریاں اور سخت خول والی سمندری مخلوقات کھانے سے
  • آلودہ خوراک کھانے سے
  • چائلڈ کیئر سنٹرز، نرسنگ ہومز اور جیلیں۔

انفیکشن رکھنے والے افراد خود میں علامات پیدا ہونے سے عموماً دو ہفتے پہلے سے لے کر یرقان ہونے کے ایک ہفتہ بعد تک دوسروں کو وائرس منتقل کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اگر انہیں یرقان نہ ہو تو وہ علامات پیدا ہونے کے بعد دو ہفتوں تک وائرس کو آگے منتقل کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ اس وقت کے بعد بھی لوگوں کو محتاط رہنا چاہیے کیونکہ ممکن ہے کہ پاخانے میں یہ وائرس لمبے عرصے تک خارج ہوتا رہے۔

آسٹریلیا سے باہر سفر کرنے والوں کے لیے ہیپاٹائٹس اے  انفیکشن اب بھی ایک مسئلہ ہے، خاص طور پر ان ترقی پذیر ممالک میں جانے والوں کے لیے جہاں ہیپاٹائٹس اے عام ہے۔

ہیپاٹائٹس اے کا خطرہ کن لوگوں کے لیے ہے؟

ہیپاٹائٹس اے کا خطرہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہیں پہلے یہ بیماری نہیں ہوئی اور جنہیں اس کی ویکسین نہیں لگی۔

ہیپاٹائٹس اے کی روک تھام کیسے کی جاتی ہے؟

ویکسینیشن

ہیپاٹائٹس اے کے خلاف محفوظ اور مؤثر ویکسین موجود ہے۔

ویکسین کو بہترین تحفظ مہیا کرنے میں دو ہفتے یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ دیرپا تحفظ کے لیے چھ مہینوں کے وقفے سے دو ڈوزیں لگوانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اگر ایک شخص کو وائرس سے واسطہ پڑنے کے بعد دو ہفتوں کے اندر اندر ویکسین مل جائے تو اسے تحفظ مل سکتا ہے۔

مندرجہ ذیل زیادہ خطرہ رکھنے والے گروہوں کے لیے ویکسینیشن کا مشورہ دیا جاتا ہے:

  • ان ممالک (بالخصوص ترقی پذیر ممالک) میں جانے والے لوگ جہاں ہیپاٹائٹس اے عام ہے
  • دیہی اور دور دراز انڈیجینس کمیونٹیوں (اصل مقامی لوگوں کی بستیوں) میں اکثر جانے والے لوگ
  • انڈیجینس کمیونٹیوں میں یا ان کے ساتھ کام کرنے والے کچھ صحت کے کارکن
  • سیوریج ورکرز
  • پلمبرز
  • مردوں کے ساتھ سیکس کرنے والے مرد
  • چائلڈ کیئر اور پری سکول میں کام کرنے والے
  • عقلی معذوریاں رکھنے والے لوگ اور ان کے کیئررز
  • منشّیات استعمال کرنے والے/انجیکشن سے غیر قانونی منشّیات لینے والے
  • جگر کی دائمی بیماری رکھنے والے لوگ
  • ہیموفیلیا (خون گاڑھا نہ ہو پانے کی بیماری) رکھنے والے لوگ جنہیں باقاعدگی سے خون کی مصنوعات لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ہیپاٹائٹس اے سے بچنے کے لیے اور کیا کیا جا سکتا ہے؟

سب لوگوں کو چاہیے کہ ان موقعوں پر ہمیشہ اپنے ہاتھ صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 10 سیکنڈ تک دھوئیں اور صاف تولیے سے خشک کریں:

  • ٹائلٹ سے فارغ ہونے کے بعد
  • کھانے سے پہلے
  • کھانے یا پینے کی چیزیں تیار کرنے سے پہلے
  • ان چیزوں کو ہاتھ لگانے سے پہلے جن میں وائرس ہونے کا امکان ہو جیسے نیپی اور کنڈوم۔

دوسرے ملکوں سے برآمد کردہ منجمد پھلوں کی مصنوعات کی وجہ سے کئی بار ہیپاٹائٹس اے کے کیس پھیل چکے ہیں۔ ان مصنوعات کو کھانے سے پہلے پکا لینے سے ہیپاٹائٹس اے اور خوراک سے پھیلنے والے دوسرے ممکنہ انفیکشن ختم ہو جاتے ہیں۔

دوسروں تک ہیپاٹائٹس اے پہنچانے سے بچنے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے؟

اگر آپ کو ہیپاٹائٹس اے ہے تو:

  • اپنے ہاتھ صابن اور پانی سے اچھی طرح دھوئیں اور صاف تولیے سے خشک کریں
  • دوسروں کے لیے کھانے اور پینے کی چیزیں تیار نہ کریں
  • کھانے یا پینے کے وہ برتن استعمال نہ کریں جو دوسرے لوگ استعمال کرتے ہیں
  • وہ بستر کی چادریں/غلاف اور تولیے استعمال نہ کریں جو دوسرے لوگ استعمال کرتے ہیں
  • سیکس نہ کریں
  • چمچ، چھریاں اور کانٹے وغیرہ صابن والے پانی میں دھوئیں اور بستر کی چادریں/غلاف اور تولیے واشنگ مشین میں دھوئیں۔

ہیپاٹائٹس اے میں مبتلا ہونے والے سب لوگوں کو کام پر یا سکول واپس جانے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے پوچھنا چاہیے۔

مندرجہ ذیل لوگوں سے ہیپاٹائٹس اے دوسروں کو لگنے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے اور انہیں کام پر یا سکول واپس جانے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور پوچھنا چاہیے:

  • جو لوگ کھانے یا پینے کی چیزوں کے ساتھ کام کرتے ہیں
  • جن لوگوں کو اپنے کام میں دوسرے لوگوں سے قریبی ذاتی واسطہ پڑتا ہے جیسے چائلڈ کیئر اور صحت کے کارکن
  • چائلڈ کیئر میں جانے والے بچے۔

ہیپاٹائٹس اے کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

ڈاکٹر مریض کی علامات کی بنیاد پر ہیپاٹائٹس اے کی تشخیص کرے گا اور تصدیق کے لیے خون کا ٹیسٹ کروائے گا جو ہیپاٹائٹس اے کی اینٹی باڈیز کی موجودگی کا پتہ چلاتا ہے۔ کبھی کبھار خون یا پاخانے کے نمونوں پر ہیپاٹائٹس اے DNA  ٹیسٹنگ (PCR) کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہیپاٹائٹس اے کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

ہیپاٹائٹس اے کا کوئی مخصوص علاج نہیں ہے۔

اگر انفیکشن رکھنے والے شخص سے واسطے کے بعد دو ہفتوں کے اندر اندر ویکسینیشن یا امیونوگلوبولین کا انجیکشن لگوا لیا جائے تو بیماری کی روک تھام ہو سکتی ہے۔ انفیکشن رکھنے والے شخص کے گھر میں رہنے والے افراد اور سیکس پارٹنرز کے لیے ویکسینیشن یا امیونوگلوبولین کا انجیکشن لگوانا ضروری ہو سکتا ہے۔

ہیپاٹائٹس اے میں مبتلا ہونے والوں کو آرام کرنے، زیادہ مشروبات پینے اور اچھی خوراک کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

شراب نہ پینے سے بھی جگر پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

صحت عامّہ کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں؟

ڈاکٹروں، ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ کو ہیپاٹائٹس اے کے کیسوں کی  رازدارانہ اطلاع دیں۔

پبلک ہیلتھ یونٹ کا عملہ ڈاکٹر، مریض اور مریض کے گھر والوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان قریبی کانٹیکٹس کا پتہ چلائے گا جنہیں انفیکشن لگنے کا خطرہ ہو اور خطرے سے دوچار لوگوں کو اس بیماری کے متعلق معلومات، اور ضرورت ہونے پر روک تھام کرنے والا علاج، بھی مہیا کرے گا۔

پبلک ہیلتھ یونٹ کا عملہ چائلڈ کیئر سنٹر میں جانے والوں یا کام کرنے والوں اور فروخت کی جانے والی خوراک کے ساتھ کام کرنے والوں میں ہیپاٹائٹس اے کے کیسوں کو سنبھالنے کے لیے خاص ہدایات پر عمل کرے گا۔

پبلک ہیلتھ یونٹ ہیپاٹائٹس اے کے کیس پھیلنے کی چھان بین کر کے اس کی وجہ معلوم کرے گا اور پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے  اور مزید انفیکشنوں کی روک تھام کے طریقے بھی معلوم کرے گا۔

اضافی وسائل

مزید معلومات کے لیے 131 450  پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (TIS)  کو کال کر کے اپنی زبان میں مفت اور رازدارانہ مدد لیں۔ انہیں اپنی زبان بتائیں اور کہیں کہ آپ ان سے بات کرنا چاہتے ہیں:

  • 1300 066 055 پر آپ کا لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ
  • 1800 022 222 پر healthdirect ، 24 گھنٹے صحت کے متعلق معلومات کے لیے
  • یا اپنے مقامی فارماسسٹ سے بات کریں۔
​​
Current as at: Thursday 18 December 2025
Contact page owner: One Health