(shigellosis) شِگیلا

شِگیلوسس (Shigellosis)کی بیماری شِگیلا نامی بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس بیماری میں دست لگ جاتے ہیں اور یہ لوگوں کے درمیان آسانی سے پھیلتی ہے۔

Last updated: 18 December 2025

شِگیلا سے کیا مراد ہے؟

شِگیلا انفیکشن، جسے شِگیلوسس بھی کہا جاتا ہے، شِگیلا بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ شِگیلا بیکٹیریا انفیکشن رکھنے والے شخص کے پاخانے (پوٹی) سے چھو جانے سے یا آلودہ پانی پینے یا خوراک کھانے سے پھیل سکتا ہے۔ یہ بالعموم دستوں کا سبب بنتا ہے۔

شِگیلا کی علامات کیا ہیں؟

شِگیلا انفیکشن کی علامات میں یہ شامل ہیں:

  • دست
  • بخار
  • متلی
  • پاخانے میں خون یا چکنی رطوبت
  • الٹیاں اور پیٹ میں بل پڑ کر درد بھی ہو سکتا ہے۔

علامات بالعموم انفیکشن لگنے کے 1 سے 3 دن بعد شروع ہوتی ہیں۔ بالعموم علامات 4 سے 7 دن تک رہتی ہیں لیکن یہ زیادہ عرصہ بھی رہ سکتی ہیں۔
کچھ لوگوں میں علامات شروع ہونے میں 1 ہفتے تک کا وقت لگ سکتا ہے یا کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

شِگیلا کیسے پھیلتا ہے؟

شِگیلا پاخانے (پوٹی) میں پایا جاتا ہے۔ آپ کو ان طریقوں سے شِگیلا انفیکشن لگ سکتا ہے:

  • شِگیلا بیکٹیریا سے آلودہ خوراک کھانے یا پانی پینے سے
  • بیکٹیریا سے آلودہ چیزوں جیسے ٹونٹیوں، نیپیز یا کھلونوں کو ہاتھ لگانے کے بعد اپنے منہ کو ہاتھ لگانے سے
  • انفیکشن رکھنے والے شخص کے ساتھ منہ یا مقعد کے راستے سیکس کرنے سے

کن لوگوں کو شِگیلا انفیکشن ہونے کا خطرہ ہے؟

جن لوگوں کے لیے شِگیلا انفیکشن کا زیادہ خطرہ ہے، ان میں یہ شامل ہیں:

  • ان ممالک کا سفر کرنے والے جہاں شِگیلا عام ہے
  • مردوں کے ساتھ سیکس کرنے والے مرد
  • بچے
  • کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے
  • بوڑھے لوگ۔

شِگیلا کی روک تھام کیسے کی جا سکتی ہے؟

شِگیلا انفیکشن سے بچنے کے لیے آپ کو چاہیے کہ:

  • ان موقعوں پر اپنے ہاتھ صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک دھوئیں اور صاف تولیے سے خشک کریں:
    • ٹائلٹ سے فارغ ہونے کے بعد
    • نیپی بدلنے کے بعد
    • جب یہ ممکن ہو کہ شاید پاخانہ آپ کو چھو گیا ہے
    • خوراک کو ہاتھ لگانے یا دوسرے لوگوں کی دیکھ بھال سے پہلے۔
  • کچی کھائی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کو دھوئیں۔

جن ممالک میں شِگیلا عام ہے، وہاں جانے والے لوگوں کو یہ بھی چاہیے کہ:

  • پھلوں اور سبزیوں سمیت دوسری کچی خوراک کھانے سے بچیں، سوائے اس کے کہ آپ خود انہیں چھیل رہے ہوں
  • صرف بوتل میں دستیاب یا ابلا ہوا پانی پیئیں
  • ٹریٹمنٹ کے بغیر پانی نہ پیئیں، یہی احتیاط برف اور پانی ملا کر بنائے جانے والے مشروبات کے لیے برتیں
  • چھابڑیوں اور سٹالز سے چیزیں لے کر نہ کھائیں
  • یہ یقینی بنائیں کہ گرم کھانوں کو پوری طرح پکایا گیا ہے اور انہیں گرم ہی کھائیں۔

شِگیلا انفیکشن میں مبتلا ہونے والوں کو چاہیے کہ:

  • اپنی بیماری کے دوران کھانا نہ تیار کریں اور نہ ہی دوسروں کی دیکھ بھال کریں
  • علامات موجود ہونے کے عرصے میں کام پر نہ جائیں۔ جو لوگ خوراک کے ساتھ کام کرتے ہیں (جیسے کچن سٹاف اور ویٹرز، قصائی)؛ اور جو لوگ مریضوں، بچوں یا بوڑھوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، انہیں اپنے دست رکنے کے بعد 48 گھنٹے گزرنے سے پہلے کام پر واپس نہیں جانا چاہیے۔ بچوں، اور بالخصوص نیپی پہننے والے بچوں کو، دست رکنے کے بعد 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے چائلڈ کیئر میں نہیں بھیجنا چاہیے۔
  • اس طرح سیکس نہیں کرنی چاہیے جس میں مقعد کو چھوا جائے، تاکہ شِگیلا منہ تک نہ پہنچے
  • دست رکنے کے بعد 2 ہفتوں تک تیراکی نہیں کرنی چاہیے

شِگیلا کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

ڈاکٹر پاخانے (پوٹی) کا نمونہ ٹیسٹ کروائے گا۔

شِگیلا کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

شِگیلا انفیکشن میں مبتلا ہونے والوں کو بالعموم ڈاکٹر اینٹی بائیوٹکس تجویز کرے گا تاکہ بیماری کی شدت اور مدت کم ہو۔ اینٹی بائیوٹکس اس عرصے کو بھی کم کر سکتی ہیں جس میں انسان دوسروں تک انفیکشن پہنچانے کے قابل ہوتا ہے۔
جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ مشروبات پینا اہم ہے۔ چھوٹے بچوں (بالخصوص شیرخوار بچوں) کے لیے دستوں کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی کا خطرہ ہوتا ہے اور والدین کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

صحت عامّہ کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں؟

لیبارٹریاں اپنے لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ کو شِگیلا کے کیسوں کی اطلاع دینے کی پابند ہیں۔ پبلک ہیلتھ یونٹ کا عملہ مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کا انٹرویو کر کے معلوم کرے گا کہ انفیکشن کیسے ہوا تھا اور مزید کیسوں کو روکے گا۔

اضافی وسائل

مزید معلومات کے لیے 131 450 پر ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (TIS) کو کال کر کے اپنی زبان میں مفت اور رازدارانہ مدد لیں۔ انہیں اپنی زبان بتائیں اور کہیں کہ آپ ان سے بات کرنا چاہتے ہیں:

  • 1300 066 055 پر آپ کا لوکل پبلک ہیلتھ یونٹ
  • 1800 022 222 پر Healthdirect، 24 گھنٹے صحت کے متعلق معلومات کے لیے
Current as at: Thursday 18 December 2025
Contact page owner: One Health