کاربن مونو آکسائیڈ کیا ہے؟
کاربن مونو آکسائیڈ ایک خطرناک گیس ہے۔ سانس کے ساتھ یہ گیس اندر جانے سے آپ بیمار بلکہ ہلاک بھی ہو سکتے ہیں۔
فضا میں کاربن مونو آکسائیڈ کی موجودگی کا پتہ چلانا مشکل ہوتا ہے – اس گیس کو دیکھنا، سونگھنا یا سننا ممکن نہیں ہے۔
کاربن مونو آکسائیڈ سے کن لوگوں کی طبیعت خراب ہو سکتی ہے؟
کاربن مونو آکسائیڈ سے سبھی لوگوں کی طبیعت خراب ہو سکتی ہے۔
کچھ لوگوں کی حالت زیادہ بگڑ سکتی ہے۔ ان میں یہ لوگ شامل ہیں:
- شیر خوار بچے
- حاملہ خواتین
- معمّر افراد
- کچھ دیرینہ بیماریاں جیسے دل کے مسائل رکھنے والے افراد۔
کاربن مونو آکسائیڈ کہاں پائی جاتی ہے؟
کاربن مونو آکسائیڈ ایندھنوں کے جلنے سے بنتی ہے جیسے:
- قدرتی گیس
- پٹرول
- لکڑی
- لکڑی کا کوئلہ
- پتھر کا کوئلہ۔
گھریلو استعمال کی کئی چیزیں یہ ایندھن جلاتی ہیں اور کاربن مونو آکسائیڈ پیدا کرتی ہیں۔
کاربن مونو آکسائیڈ آپ کے گھر میں اکٹھی ہو کر ٹھہر سکتی ہے، بالخصوص جب دروازے اور کھڑکیاں بند ہوں۔ اس طرح کاربن مونو آکسائیڈ کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔
میں خود کو اور اپنے گھر والوں کو کیسے محفوظ رکھوں؟
باربی کیو، گرل اور آؤٹ ڈور ہیٹر
باربی کیو، گرل یا آؤٹ ڈور گیس ہیٹر کو اپنے گھر کے اندر نہ لائیں۔ یہ صرف باہر استعمال کے لیے ہیں۔ ان میں قدرتی گیس، لکڑی اور کوئلے (بیڈز یا چھوٹی ٹکیاں) جیسے ایندھن جلتے ہیں۔
اگر آپ ان چیزوں کو گھر کے اندر استعمال کریں تو کاربن مونو آکسائیڈ بنتی ہے جو بڑی تیزی سے خطرناک سطح تک پہنچ سکتی ہے۔
ہر چیز کے استعمال کی ہدایات پڑھ کر معلوم کریں کہ کیا اسے گھر کے اندر یا باہر استعمال کرنا چاہیے۔
پٹرول انجن
پٹرول انجن والی مشینوں کو اپنے گھر یا گیراج کے اندر استعمال نہ کریں، چاہے دروازے یا کھڑکیاں کھلی ہوں۔
پٹرول انجن ان مشینوں میں ہو سکتے ہیں:
- کاریں اور بوٹس
- پریشر واشر
- کنکریٹ کاٹنے والی مشینی آری
- جنریٹر۔
گیس ہیٹر
اگر آپ اپنے گھر میں گیس ہیٹر استعمال کرتے ہیں تو:
- ہدایات پڑھ کر یقینی بنائیں کہ اس ہیٹر کو گھر کے اندر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- یہ یقینی بنائیں کہ رجسٹرڈ گیس فٹر کم از کم ہر دوسرے سال آپ کے ہیٹرز چیک کرے۔
- کاربن مونو آکسائیڈ الارم لگانے پر غور کریں تاکہ اگر اس کی سطح بڑھنے لگے تو الارم آپ کو خبردار کر دے۔ کاربن مونو آکسائیڈ الارم اور سموک الارم دو مختلف آلات ہیں۔
کاربن مونو آکسائیڈ الارم کیسے لگایا جاتا ہے؟
اگر آپ اپنے گھر میں کاربن مونو آکسائیڈ الارم لگانے کا فیصلہ کریں تو:
- آپ کو ایسا کاربن مونو آکسائیڈ الارم چننا چاہیے جس پر لکھا ہو کہ یہ یو ایس اے سٹینڈرڈ
(UL2034) یا یورپ سٹینڈرڈ
(EN50291) کے مطابق ہے۔
- کاربن مونو آکسائیڈ الارمز کو اپنے گھر میں گیس ہیٹر والے تمام بیڈرومز کے قریب رکھیں۔
- کاربن مونو آکسائیڈ الارم لگانے، اس کی مینٹنینس اور استعمال کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔
مجھے کیسے پتہ چل سکتا ہے کہ کسی کی طبیعت کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے خراب ہوئی ہے؟
کاربن مونو آکسائیڈ سے طبعیت خراب ہونے کے آثار کا علم ہونا اچھا ہے۔
آپ کے سانس کے ساتھ جتنی زیادہ کاربن مونو آکسائیڈ اندر جائے، طبیعت کی خرابی کے آثار اتنے ہی شدید ہوتے ہیں۔
اس گیس کی
کم مقدار سانس کے ساتھ اندر جانے سے یہ آثار ظاہر ہو سکتے ہیں:
- سر میں درد
- متلی
- الٹی
- کمزوری۔
اس گیس کی
زیادہ مقدار سانس کے ساتھ اندر جانے سے یہ آثار ظاہر ہو سکتے ہیں:
- سر چکرانا
- غشی
- بیہوشی
- دماغ کو تادیر رہنے والا نقصان اور موت۔
اگر میرے خیال میں کسی کی طبیعت کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے خراب ہو تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟
اگر کسی کا سر چکرا رہا ہو یا اسے غش آ رہے ہوں یا وہ بیہوش ہو چکا ہو تو یہ ایمرجنسی ہے۔ ٹریپل زیرو (000) پر کال کریں۔
اگر کسی کو سر میں درد، متلی یا الٹی ہو یا وہ کمزوری محسوس کر رہا ہو تو:
- سب لوگوں کو گھر سے نکال کر تازہ ہوا میں لائیں۔
- معلومات کے لیے
13 11 26 پر پوائزنز انفارمیشن سنٹر
(Poisons Information Centre) کو کال کریں جو ہمیشہ کھلا ہوتا ہے۔
- اگر آپ کو انٹرپریٹر (زبانی مترجم) کی ضرورت ہو تو
131 450 پر
TIS کو کال کریں اور ان سے پوائزنز انفارمشین سنٹر سے بات کروانے کو کہیں۔
مزید معلومات کے لیے
اپنے گھر میں ہیٹنگ کے محفوظ طریقوں کے متعلق مزید جاننے کے لیے یہ ویب سائیٹس دیکھیں:
Energy.gov.au – Household guide for winter (موسم سرما کے لیے گھروں کی گائیڈ)
Energy.gov.au – Heating and cooling (عمارتوں میں حرارت اور ٹھنڈک)
YourHome.gov.au – Heating and cooling (عمارتوں میں حرارت اور ٹھنڈک)